وزیر اعظم عمران خان شام  8 بجے قوم سے خطاب کریں گے

ن لیگ کا وزیراعظم سے اعتماد کا دوبارہ ووٹ لینے کا مطالبہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج شام 8 بجے قوم سے خطاب کریں گے جس میں نو منتخب وزیراعظم اپنی حکومت کے معاشی ایجنڈے کا اعلان بھی کریں گے۔

اپنے پہلے براہ راست خطاب میں وزیراعظم 100 دن کے پروگرام اور اس پر عمل درآمد کے لیے لائحہ عمل پر بھی قوم کو اعتماد میں لیں گے جبکہ آج کے خطاب میں وزیراعظم عمران خان اپنی ترجیحات کا اعلان بھی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان قوم سے خطاب میں عالمی برادری اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ  تعلقات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی تقریر نشر ہونے سے دو گھنٹے پہلے ریکارڈ  کی جائے گی جو سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن کے علاوہ تمام نجی ٹیلی ویژن چینلز سے براہ راست نشر ہو گی۔

روایت ہے کہ نو منتخب وزیراعظم منصب سنبھالنے کے بعد  قوم سے خطاب کرتے ہیں، خیال تھا کہ عمران خان ہفتہ کے روز ہی قوم سے خطاب کریں گے تاہم ایسا نہیں ہوا اور اب وزیراعظم آج قوم  سے خطاب کریں گے ۔

ہفتہ کے روز ایوانِ صدر میں منعقد ہونے والی پروقار تقریب میں منتخب وزیر اعظم عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا، حلف برداری کے بعد عمران خان وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور حکومتی امور پر بریفنگ بھی دی گئی۔

پیر 20 اگست کو نئی  وفاقی کابینہ حلف لے رہی ہے، وزیرِ اعظم نے 20  رکنی کابینہ کی منظوری دے دی ہے، ذرائع کے مطابق کابینہ  15 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں پر مشتمل ہوگی۔


متعلقہ خبریں