عمران خان نے تین عہدوں کی پیشکش کی، اسد قیصر


صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے انہیں تین عہدوں کی پیشکش کی تھی تاہم انہوں نے اہل خانہ اور دوستوں کے مشورے کے بعد اسپیکر کا عہدہ قبول کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد پہلی بار اپنے آبائی علاقے صوابی پہنچنے پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ آپ کو ایسا عہدہ دوں گا کہ میرے بعد لوگ آپ کا نام لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا کو لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج  کا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی ہے تاہم واپڈا نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لیے 50 ارب روپے مانگے ہیں، کابینہ کے حلف اٹھاتے ہی  واپڈا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کو آنے والے دنوں میں مزید اہم وزارتیں ملنے والی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سی پیک میں اپنے صوبے کا حصہ لینے کے لیے پہلے بھی قانونی جنگ لڑتا رہا اور آئندہ بھی سی پیک میں خیبرپختونخوا کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ فاٹا کے حقوق کے لیے عمران خان نے سب سے زیادہ جدوجہد کی ہے اور خاص طور پر فاٹا کے نوجوانوں کے بنیادی مسائل سب سے پہلے حل کریں گے۔

اس سے قبل نو منتخب اسپیکر اسد قیصر کا اپنے آبائی علاقے صوابی پہنچنے پر کارکنوں نے صوابی انٹرچینج  پر پرتپاک استقبال کیا اور پھول نچھاور کرتے ہوئے نعروں کی گونج میں جلسہ گاہ تک لے کرگئے۔


متعلقہ خبریں