قائد حزب اختلاف: پیپلز پارٹی کا شہباز شریف کی حمایت کا اعلان


لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے لیے مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کی باضابطہ حمایت کا اعلان کر دیا جبکہ عوامی نیشنل پارٹی نے پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کی حمایت کردی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون میں ایک بار پھر دوریاں ختم ہونے لگی ہیں، وزیراعظم کے لیے شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے والی پیپلزپارٹی نے قائد حزب اختلاف کے لیے شہباز شریف کی حمایت  کر دی ہے۔

پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی نے شہاز شریف کی حمایت کے لیے خط اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے پاس جمع کرا دیا ہے، خط  پر چیئرمین پیپلزپارٹی  بلاول  بھٹو زرداری، خورشید  شاہ اور راجہ پرویز اشرف کے دستخط ہیں۔

اسپیکر کے پاس جمع کرائے گئے خط میں پیپلز پارٹی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اپوزیشن کی بڑی جماعت کی وجہ سے قائد حزب اختلاف کے عہدے پر مسلم لیگ نون کا حق ہے اس لیے پیپلزپارٹی قائد حزب اختلاف کی نامزدگی  پر شہباز شریف کی حمایت  کر رہی ہے۔

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) نے پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزازاحسن کی حمایت کر دی ہے۔

اے این پی کے ترجمان زاہد خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو قائد حزب اختلاف کے لیے پیپلزپارٹی کا اسپیکر کو خط مثبت اقدام ہے جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کے لیے اعتزاز احسن کی نامزدگی اچھا فیصلہ ہے، اسی طرح اپوزیشن کی دوریاں ختم ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ صدارتی امیدوار اعتزاز احسن اپوزیشن کے لیے موزوں امیدوار ہیں جو حکومتی امیدوار کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں، اگر اپوزیشن متحد ہو تو حکومتی امیدوار کو شکست دی جا سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں