عمران خان کا وزارت داخلہ اپنے پاس رکھنے کا اعلان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزارت داخلہ اپنے پاس رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے یہ وزارت اپنے پاس اس لیے رکھی ہے کہ میں اس سے مافیا کا خاتمہ کروں اور براہ راست اس کی نگرانی کروں۔

اتوار کی شب ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر قوم سے اپنے پہلے خطاب میں وزیراعظم عمران خان  نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی طرح پنجاب پولیس میں بھی تبدیلی لائیں گے، انہوں نے سابق انسپکٹر جنرل (آئی جی)  پولیس ناصر درانی کی صوبائی مشیر کی حیثیت سے تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ناصر درانی پنجاب پولیس میں اصلاحات پر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سرکاری اسکولوں میں بھی معیار تعلیم کو بہتر بنائیں گے، ڈبل شفٹ والا نظام لے کر آئیں گے، 24 لاکھ  بچے مدرسوں میں پڑھتے ہیں،  ہم انہیں بھی انجینئر اور ڈاکٹر بنانے کا نظام  لے کر آئیں گے، مدرسوں میں پڑھنے والے بچوں کو بے سہارا نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ ہم نے سرکاری اسپتالوں کو بہتر کرنا ہے، وہاں کے مینیجمنٹ سسٹم کو ٹھیک کرنا ہے جس کے لیے ہم نے ٹاسک فورس بنائی ہے، سندھ حکومت میں بھی صوبائی حکومت کے ساتھ  مل کر سرکاری اسپتالوں کو ٹھیک کریں گے  جبکہ غریبوں کے لیے ہیلتھ  کارڈ  لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پانی کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور ایک ڈیم بنانا ناگزیر ہو گیا ہے، اس کے لیے ہم سب سے پہلے بھاشا ڈیم بنائیں گے۔

ہم نے اگر تیزی سے آگے بڑھنا ہے تو کسانوں کو خصوصی توجہ دینی ہوگی، اس سلسلے میں ہم کسانوں کی مدد کریں گے، کسانوں کے پاس پیسہ ہوگا تو وہ فصل کی بہتر پیداوار کرسکیں گے، ہمیں کسانوں کے لیے ریسرچ کرنی ہوگی اور کسانوں کو پانی کے استعمال کی تربیت بھی دی جائے گی۔


متعلقہ خبریں