ٹیسٹ بچانے کیلیے بھارت کے پاس آخری موقع


نوٹنگھم: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کا  تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے انڈین ٹیم کے پاس آخری موقع موجود ہے اور اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم کو انڈیا کے خلاف دو، صفر کی برتری حاصل ہے۔

پہلے دو میچوں میں بری طرح شکست کا سامنا کرنے والی بھارتی ٹیم نے تیسرے میچ کا آغاز نسبتا بہتر طریقے سے کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انڈین ٹیم نے 329 رنز بنائے اور جواب میں انگلش ٹیم کو 161 رنز تک محدود رکھا۔

بھارت کی جانب سے ہردک پانڈیا نے پانچ وکٹیں حاصل کیں جب کہ انگلش بلے باز جوس بٹلر 39 اسکور بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت اپنی دوسری اننگز کا آغاز دو وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز سے کرے گا۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق اگر انڈین ٹیم دوسری اننگ میں بڑا ٹوٹل بنا کر انگلینڈ کے خلاف اپنی برتری کو مستحکم کر لیتی ہے اور بھارتی بالرز پہلی اننگ کی کارکردگی دہراتے ہیں تو حالیہ ٹیسٹ سیریز میں میزبان سائیڈ پہلی کامیابی دیکھ سکے گی۔

میزبان ٹیم نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 31 رنز سے شکست دی جب کہ دوسرے میچ میں بھارت کو ایک اننگز اور 159 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کی تھی ۔

بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم سیریز کے تیسرے میچ میں کامیابی کے لیے پرعزم ہے اور میچ  جیتنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

دوسری جانب انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور پوری ٹیم کا مخالف ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں پانچ۔ صفر سے وائٹ واش کرنا ہدف ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے تین ستمبر تک ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا جب کہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ سات سے گیارہ ستمبر تک لندن میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں