امریکی وزیرخارجہ کا چند ہفتوں میں دورہ پاکستان متوقع

امریکی وزیرخارجہ کا چند ہفتوں میں دورہ پاکستان متوقع | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد/واشنگٹن: پاکستان میں نئی حکومت کے منتخب ہونے کے بعد امریکی وزیر خارجہ یا سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو آئندہ چند ہفتوں میں اسلام آباد کا دورہ کر سکتے ہیں جس میں وہ نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیرخارجہ اپنے بھارت کے دورہ کے دوران پاکستان بھی آئیں گے۔ مائیک پومپیو کے بیرونی دوروں سے متعلق رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ وہ پانچ ستمبر کو بھارت کا دورہ کریں گے۔

میڈیا رپورٹس میں ظاہر کیا گیا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ عمران خان سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو موضوع گفتگو بنائیں گے۔

امریکی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ اور موجودہ امریکی وزیرخارجہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان آتے ہیں تو یہ پہلے غیرملکی عہدیدار ہوں گے جو نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سیکرٹری خارجہ تعینات کیے جانے والے مائیک پومپیو شمالی کورین سربراہ کم جانگ ان اور ٹرمپ کی ملاقات کے لیے اہم کردار ادا کر کے امریکہ کے ریاستی معاملات میں اہم فرد کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

مائیک پومپیو ایک ایسے وقت پاکستان کے دورہ پر آ رہے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلانات کے بعد پاکستان کے خلاف متعدد ایسے اقدامات کئے گئے جنہیں اسلام آباد نے ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھا ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو پاکستان کو قرض دینے سے متعلق ہدایت اور پاکستانی افسران کی تربیتی عمل میں شرکت پر پابندی انہی اقدامات میں شامل ہے۔


متعلقہ خبریں