خارجہ پالیسی دفتر خارجہ میں تیار ہو گی، شاہ محمود



اسلام آباد: پاکستان کی نئی منتخب حکومت میں وزیرخارجہ مقرر کیے گئے شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی دفترخارجہ میں تیار کی جائے گی اس کی تیاری میں متعلقہ اداروں سے مشاورت ہونی چاہئے جو جاری رہے گی۔

پیر کے روز دفتر خارجہ اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکی ترجیحات کو سامنے رکھتے ہوئے دوٹوک بات کروں گا، واشنگٹن اور اسلام آباد میں عدم اعتماد کی فضاء کو ختم کرنا ہو گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی کی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے۔ بلاوجہ کی اکھاڑ پچھاڑ نہیں کریں گے، تقرریاں کارکردگی کی بنیاد پر ہوں گی۔ ملکی مسائل سے آگاہ ہوں، سب سے پہلے پاکستان کی پالیسی مقدم رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپنا پہلا غیر ملکی دورہ افغانستان کا کرنا چاہوں گا، محبت، دوستی اور ایک نئے دور کے آغاز کا پیغام لے کر پڑوسی ملک جاؤں گا۔

نوتقرر شدہ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نے خط کے ذریعے عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔ بھارت کے ساتھ تسلسل کے ساتھ مذاکرات کی ضرور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرخارجہ کے لیے پیغام ہے کہ دونوں ملک پڑوسی اور ایٹمی قوت ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسائل پیچیدہ ہیں، حل کرنے میں وقت لگے گا لیکن آغاز اور اختتام دونوں پاکستان سے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں