حج کے موقع پر سعودی عرب میں کیپسول ہوٹلز


مکہ مکرمہ:  سعودی حکومت کی جانب سے حاجیوں کو سہولت فراہم کرنے کے پیش نظر متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں جس میں غیرسرکاری ادارے بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں، کچھ ایسا ہی معاملہ حاجی گفٹ چیریٹیبل ادارے نے کیا جس نے بزرگ حاجیوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیپسول ہوٹل متعارف کرایا ہے۔

سعودی عرب میں موجود حاجیوں کے لیے کام کرنے والے ادارے نے 24 کے قریب سلیپنگ پوڈز زائرین حج کے لیے بنائے ہیں، یہ چھوٹے کیپسول ہوٹل جاپان میں قائم کیپسول ہوٹل کی یاد تازہ کر دیتے ہیں۔

سعودی عرب میں قائم جاپانی طرز کے ان ہوٹل کا سائز چھوٹا ہے جب کہ ان میں ایک فرد کے رہنے کی گنجائش ہے۔ یہ کیپسول ہوٹل 220 میٹر لمبا اور 120 سینٹی میٹر چوڑا ہے جب کہ اس کی بلندی 120 سینٹی میٹر ہے۔

پلاسٹک اور فائبر گلاس سے بنے ان ہوٹلز میں بجلی اور ایئرکنڈیشنز کی سہولیات موجود ہیں، اس ہوٹل کے دروازے خود کار ہیں جو لائٹ جانے کی صورت میں خودبخود کھل جاتے ہیں۔

بظاہر جاپانی کیپسول ہوٹل سے متاثر ہو کر بنائے گئے ان سلیپنگ پاڈز یا کیپسول ہوٹل کے اندر ضروری سامان رکھنے کی مناسب جگہ بھی موجود ہے۔

کیپسول ہوٹلز سعودی عرب کے انجینئر منصور العامر نے اپنی ٹیم کی کاوشوں سے بنایا ہے جس کا مقصد حج کے پُر مسرت موقع پرحاجیوں کو ریلیف دینا ہے۔

حج کے موقع پر سعودی عرب میں اس جدید ٹیکنالوجی کا استعمال منٰی کے علاقے میں کیا جا رہا ہے جہاں حاجیوں کی بڑی تعداد قیام کرتی ہے۔


متعلقہ خبریں