شہزاد اکبر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب مقرر


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق اسپیشل پراسیکیوٹرمرزا شہزاد اکبر کو وزیراعظم عمران خان کا معاون خصوصی برائے احتساب مقرر کر دیا گیا ہے، مرزا شہزاد اکبر کی تقرری کے نوٹیفیکیشن  کے مطابق ان کا عہدہ وزیرمملکت کے برابر ہو گا۔

وزیراعظم عمران خان نے الیکشن میں کامیابی کے بعد احتساب شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اورگزشتہ روز قوم سے پہلے خطاب میں بھی انہوں نے اس حوالے سے بڑے پیمانے پر اصلاحات نافذ کرنے کے بارے میں بات کی تھی۔

وزیراعظم نے اس اعلان کو عملی جامہ پہنانے اور احتساب کے عمل کو تیز کرنے کے لئے مرزا شہزاد اکبر کو معاون خصوصی مقرر کیا ہے، اسپیشل نیب پراسیکیوٹر ہونے کی وجہ سے انہیں احتساب عدالتوں کے معاملات پر بھی دسترس حاصل ہے۔

اس سے قبل کابینہ نے اپنے اجلاس میں پاکستانیوں کے بیرون ملک غیرقانونی اثاثوں کی واپسی کے لیے شہزاد اکبر کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا، وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ اس ٹاسک فورس میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)، نیب، اسٹیٹ بینک، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، وزارت قانون اور وزارت خارجہ سمیت دیگر محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔


متعلقہ خبریں