شریف خاندان کی سزا معطلی، درخواست پر فیصلہ مؤخر

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی سزاؤں کیخلاف اپیلوں پرسماعت کل ہوگی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں شریف خاندان کی سزا معطی کی درخواستوں پر فیصلہ مؤخر کر دیا ہے، اب یہ فیصلہ گرمیوں کی تعطیلات کے بعد سنایا جائے گا۔

عدالتی حکم کے مطابق شریف خاندان کی سزا معطلی کی درخواستوں پر دیگر اپیلوں کے ساتھ سماعت کی جائے گی اور گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد پہلے دن اپیلوں کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔

عدالتی حکم کے بعد اب سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر عید الضیٰ اڈیالہ جیل میں ہی گزاریں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ  نے ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت سے ملنے والی  سزاؤں کی معطلی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، متوقع فیصلے کے انتظار میں مسلم لیگ نون کے کارکن بڑی تعداد میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر جمع ہو گئے تھے جس کے بعد عدالت کا دروازہ بند کر دیا گیا تھا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے سپریم کورٹ کے حکم پر دائر ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں نواز شریف کو دس سال قید اور دس ملین پونڈ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ اس کیس میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو سات سال قید اور 2.6 ملین پائونڈ جرمانے کی سزا سنائی ہوئی تھی جب کہ مریم کے شوہر کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی  تھی۔ تینوں اس وقت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید کاٹ رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم اور ان کی صاحبزادی و داماد نے احتساب عدالت کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

 


متعلقہ خبریں