عمران خان کے خطاب نے عوامی جذبہ جگا دیا، تیمور سلیم

عمران خان کے خطاب نے عوامی جذبہ جگا دیا، تیمور سلیم

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما تیمورسلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر لوگوں کا نہایت اچھا ردعمل سامنے آیا ہے، انہوں نے پاکستانی عوام سے انہی کے لہجے میں بات کی ہے، ان کی تقریر نے پاکستان کے 99 فیصد عوام میں جذبہ جگا دیا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں میزبان عادل شاہ زیب سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر خلائی مخلوق ہوتی تو وہ پارلیمنٹ کا حصہ بنتی لیکن اب جو تجربہ کار لوگ ہیں انہیں ہی کابینہ کا حصہ بنائیں گے، فرق چہروں سے نہیں لیڈر شپ سے پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سخت فیصلوں سے تبدیلی آئے گی اور ملکی بقا کے لیے سخت فیصلے کیے جائیں گے، عمران خان اگر 22 سال آفس میں موجود نہ ہونے کے باوجود پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے تو اب کیوں نہیں کریں گے۔

میزبان عادل شاہ زیب کے ایک سوال کے جواب میں رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ آسمان چھونے کے لیے اس کے بارے میں سوچنا ضروری ہوتا ہے۔

ملکی مسائل کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بہت سے مسائل درپیش ہیں لیکن سب سے بڑا چیلنج اعتماد کا ہے، اعتماد اچھی تقریر کرنے سے نہیں آ سکتا، وہ صرف کارکردگی سے آئے گا۔

پروگرام میں شریک ماہر قانون کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ احتساب کسی کا بھی ہو اس پر اعتراض نہیں اٹھانا چاہیے لیکن جب احتساب میں کسی ایک کو نشانہ بنایا جائے تو اس پر سب کو اعتراض ہو تا ہے۔ موجودہ احتسابی عمل سے یوں لگتا ہے جیسے کسی اور بات کا بدلہ لیا جا رہا ہے۔

کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ جب ایک خاندان کو نشانہ بنایا جائے گا تواس سے عوام میں منفی پیغام جائے گا۔ نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز بیرون ملک سے واپس آکر خود قانون کے سامنے پیش ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حسن نواز اور حسین نواز کو ملک واپس لانا ایک پیچیدہ معاملہ ہے، اس کے لیے ایک طویل عرصہ درکار ہے لیکن اسحاق ڈار کو وطن واپس آ کر خود کو قانون کے حوالے کرنا چاہیے۔ قانون سے بھاگنے والے بعد میں کسی قسم کی رعایت کے حقدارنہیں رہتے۔

وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پیسہ واپس لانا کوئی آسان کام نہیں ہے، اس کے لیے ایک طویل طریقہ کار درکار ہے جس پر عمل کرتے کرتے اس حکومت کی مدت ہی ختم ہو جائے گی۔ اس کام کے لیے جتنا فنڈ ضرورت ہے اس سے پاکستان کے قرضے دگنے ہو جائیں گے۔


متعلقہ خبریں