مسجد الحرام اورمسجد نبویﷺ میں نماز عیدکی ادائیگی



سعودی عرب: مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کردی گئی۔ آج سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکی سمیت دیگر کئی ممالک میں مسلمان عید قرباں منارہے ہیں۔

لاکھوں فرزندان توحید فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں جو سنت ابراہیمی کی پیروی میں لاکھوں جانوروں کی قربانی کے بعد سرمنڈوا کر احرام کھول دیں گے۔

محکمہ شماریات سعودی عرب کے مطابق امسال 23 لاکھ 71 ہزار 675 افراد نے حج کی سعادت حاصل کی جن میں سے 17 لاکھ 58 ہزار 722 افراد بیرون ملک سے ارض مقدس پہنچے تھے جب کہ اندرون ملک سے چھ لاکھ 12 ہزار 935 افراد نے حج کی سعادت حاصل کی۔ حجاج میں 13 لاکھ 27 ہزار 127 مرد تھے جب کہ خواتین کی تعداد دس لاکھ 44 ہزار 548 تھی۔

سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گزشتہ پانچ روز کے دوران مقامات مقدسہ یعنی منی، عرفات اور مزدلفہ میں پینے کے پانی کے 4.3 کروڑ سے زیادہ چھوٹے کین، جوُس، دودھ اور لسّی کے 3.5 کروڑ سے زیادہ کین، 1.3 کروڑ روٹیاں اور تیار کھانے کے 40 لاکھ پیکٹ پہنائے گئے ہیں۔

سعودی عرب میں قائم وزارت کے افسران و اہلکار مقامات مقدسہ لے جائی جانے والی خوراک کی باقاعدہ جانچ پڑتال کرتے ہیں اوراس بات کویقینی بناتےہیں کہ زائدالمعیاد یا مضر صحت خوراک حجاج تک نہ پہنچ سکے۔

سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے سعودی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ حج سیزن میں اب تک کسی قسم کے وبائی مرض کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت صحت کے 30 ہزار سے زائد اہلکار ضیوف الرحمان کی خدمت کے لئے متعین کئے گئے۔

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ مختلف مقامات پر 25 اسپتال قائم کئے گئے ہیں جن میں 5500 بستروں کی گنجائش تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشاعر مقدسہ میں آٹھ اسپتال قائم کئے گئے جن میں چار میدان عرفات کے مختلف علاقوں میں تھے اور باقی منی میں کام کررہےتھے۔

سعودی وزیرصحت کے مطابق حج سیزن کے آغاز سے وقوف عرفہ تک 1270 گردے کے امراض میں مبتلا عازمین کو ڈائیلاسیس کی سہولت فراہم کی گئی، 71 حجاج کی انجیو پلاسٹی ہوئی، 17 مریضوں کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی اورحج سیزن میں چھ بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں ایک بچہ وقوف عرفہ کے دن پیدا ہوا ۔


متعلقہ خبریں