جسٹن ٹروڈو کی عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد


اسلام اباد:  کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹیلی فون کر کے عمران خان کو وزیراعظم پاکستان کا عہدہ سنبھالنے کی مبارکباد دی ہے۔

جسٹن ٹروڈونے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اوران کے اصلاحاتی ایجنڈے کی تعریف کی۔

انہوں نے نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر نے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں وزرائےاعظم نے باہمی تعلقات بہتر کرنے کے لیے کردار ادا کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

عمران خان کو وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پر مختلف عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

برطانوی وزیراعظم تھریسا مے اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹریز نے بھی عمران خان کو وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔

عمران خان کو ٹیلی فون پر مبارک باد دیتے ہوئے تھریسا مے نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھولنے اورپاک برطانیہ تعلقات میں مزید  بہتری اور سرگرمی لانے کے لیے تیار ہے، برطانیہ نئی حکومت سے مکمل تعاون کرے گا۔

عمران خان نے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے اظہار پر برطانوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان منی لانڈرنگ کے انسداد کے لیے بیرونی حکومتوں خصوصاً برطانیہ کے ساتھ اشتراک کا خواہاں ہیں کیونکہ  منی لانڈرنگ ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے۔

برطانوی وزیراعظم نے عمران خان کے خیالات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کے انسداد کے لیے پاکستان کے ساتھ مشترکہ اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔


متعلقہ خبریں