مشرق وسطی، یورپ و امریکہ میں عیدالاضحی

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدالضحیٰ منائی جا رہی ہے

ریاض/واشنگٹن/لندن: سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطیٰ اور یورپ وامریکہ میں آج مسلمان پورے مذہبی جوش وخروش کے ساتھ عید الاضحی منا رہے ہیں۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلمانان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی سرانجام دے رہے ہیں جو صاحب استطاعت مسلمانوں پر واجب ہے۔ دینی تعلیمات کے مطابق واجب پر عمل کرنے والا ثواب پاتا ہے البتہ اسے چھوڑنے والا گناہ کرتا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع شیخ زید مسجد ابوظہبی میں ہوا۔ مسجد اقصیٰ میں نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا جس میں فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

انڈونیشیا میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع جکارتہ میں ہوا۔ عیدالاضحیٰ کی نماز کے اجتماعات میں اسلام کی سربلندی اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

امریکا، کینیڈا اور یورپی ممالک کے رہنے والے مسلمان زیادہ تر مسلم کمیونٹی سنیٹرز میں عید کی نماز کی ادائیگی کرنے کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کا سرانجام دے رہے ہیں۔

امریکا میں عیدالاضحی کے معاملے پر مسلمان تقسیم نظر آئے جہاں کچھ لوگ آج عید الاضحی منارہے ہیں جب کہ زیادہ تر بدھ کو عید قرباں منائیں گے۔

پاکستان میں عید الاضحی کل منائی جا ئے گی۔ البتہ پاکستان میں مقیم بوہری برادری آج عیدالاضحیٰ منارہی ہے۔ بوہری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مصری کلینڈر کے حساب سے اپنے تہوار مناتے ہیں۔

بھارت اوربنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں آباد مسلمان کل عیدالاضحیٰ منائیں گے اورنماز کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کریں گے۔


متعلقہ خبریں