لاہور: عیدالاضحیٰ منانے کی تیاریاں عروج پر

پاکستانی انجینئرز کا کارنامہ، لاپتہ یا گمشدہ جانوروں کی تلاش کیلئے ایپلی کیشن تیار

لاہور: پاکستان میں کل عیدالاضحیٰ پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی۔ عید قرباں منانے کے لیے جانوروں کی خریداری عروج پر پہنچ چکی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق لاہور میں جو افراد اب تک جانور نہیں خرید سکے ہیں ان کے بچے آج ہی بکرا، بیل، دنبہ یا گائے خریدنے کی فرمائش و ضد کررہے ہیں۔

بچوں کے جوش و خروش اور شوق کا یہ عالم ہے کہ وہ دن یا رات کی تمیز کیے بغیر عید قرباں کے لیے لائے گئے جانوروں کی خدمت میں مصروف ہیں۔ بچے پاکٹ منی سے جانوروں کی آرائش کے لیے اشیا خرید کر انہیں سجا بھی رہے ہیں۔

سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے مویشی منڈیوں کا رخ کرنے والے والدین کے ساتھ بچے بھی ہیں جو نہایت ذوق و شوق سے لائے گئے جانوروں پر ہاتھ پھیر کر اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔

قربانی کے جانوروں کی بڑوں سے زیادہ ’میزبانی‘ بچے کررہے ہیں جو انہیں اپنے کھانے پینے کی چیزیں پیش کرنے کے علاوہ چارہ دے رہے ہیں اورچوم کربھی اظہار محبت کررہے ہیں۔

لاہور کے بچوں نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے اپنے عمل کی وضاحت اس طرح کی کہ قربانی کے جانوروں کی خدمت نہ کی تو پھر قربانی کا کیا مزہ؟

ہم نیوز سے بات چیت میں مویشی منڈی پہنچنے والے بچوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بکروں، بیلوں اورمینڈھوں کے ساتھ بہت خوش ہیں اوربھرپور موج مستی کررہے ہیں۔

بچوں کے ذوق و شوق کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ کئی بچے ایسے بھی مویشی منڈی میں ملے جو اپنے بڑوں کے ساتھ ایک سے زائد مرتبہ آچکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں منڈی آنا اور جانوروں کو دیکھنا وہاتھ لگانا اچھا لگتا ہے۔

مویشی منڈی آکر نئے نئے جانوروں کو دیکھنے کا شوق بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں میں بھی دیکھنے کو ملا۔

شہر کے مختلف علاقوں و محلوں میں بڑے بھی کرسیاں لگا کر یا چارپائیاں ڈال کر محافل لگارہے ہیں اور اپنے جانوروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ عید قرباں بھرپورانداز سے منانے کے منصوبوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق بچوں و بڑوں کی انہی سرگرمیوں سے پورے شہر میں رونق لگ گئی ہے اوردن کے علاوہ راتوں میں بھی گہما گہمی دکھائی دینے لگی ہے۔


متعلقہ خبریں