تحریک انصاف کا پنجاب کابینہ کے ناموں پر غور



لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں عثمان بزدار کے وزیراعلی منتخب ہونے کے بعد صوبائی کابینہ کے اراکین کے نام طے کرنے کے لیے حتمی مشاور شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں حکومت سازی کا آخری مرحلہ مکمل کر نے جا رہی ہے۔ پارٹی قیادت وزیر اعلی کے انتخاب کے بعد صوبائی کابینہ کے اراکین کے ناموں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر صحت کا قلمدان یاسمین ڈاکٹر راشد کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت تعلیم کے لئے میاں اسلم اقبال کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔  جب کہ صوبائی سنئیر وزیر کے لئے میاں محمود الرشید اور علیم خان مضبوط امیدوار ہیں اور پارٹی چئیرمین ان میں سے کسی ایک کو سنئیر وزیرمقرر کریں گے۔

راولپنڈی سے منتخب ہونے والے رکن پنجاب اسمبلی فیاض الحسن چوہان کو صوبائی وزیر اطلاعات اور ترجمان پنجاب حکومت کے عہدے دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حسنین بہادر دریشک کو صوبائی وزیر خزانہ کا قلم دان ملنے کا امکان ہے جب کہ مراد راس کو ریونیو اور نذیر چوہان کو بلدیات کی وزارت ملنے کا امکان ہے۔

سابق انسپکٹرجنرل پولیس خیبر پختونخواہ ناصر درانی کو وزیر اعلی کے مشیر برائے داخلہ اورعون چودھری کومشیر برائے میڈیا مقرر کیا جائے گا۔

امور نوجوانان کی وزارت کیلئے راجہ یاسر ہمایوں اور عائشہ چودھری میں مقابلہ ہے جب کہ خواتین اور انسانی حقوق کےوزارتوں کے قلمدان سمیرا بخاری اور مسرت چیمہ کو ملنے کا امکان ہے۔

پا رٹی زرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے اراکین کے نام وزیراعلی عثمان بزدار اور نامزد گورنر چودھری سرور طے کرکے وزیراعظم عمران خان کو حتمی منظوری کے لیے پیش کریں گے۔

پنجاب میں قائم ہونے والی نئی حکومت کے لیے کابینہ اراکین کے ناموں کا اعلان اور ان کا حلف عیدالاضحی کے بعد ہو گا۔


متعلقہ خبریں