متفقہ صدارتی امیدوار، نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا رابطہ


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما اور سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی خواہش ہے کہ صدارتی انتخاب کے لیے متفقہ امیدوار لایا جائے۔

لاہور میں نون لیگ اور پیپلزپارٹی کے وفود کے درمیان ملاقات کے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن اکٹھی نہ ہوئی تو حکمران جماعت کو فائدہ ہو گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہو گا، فرحت اللہ بابر بھی کہہ چکے ہیں کہ اعتزاز احسن حتمی امیدوار نہیں، اس حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

دونوں جماعتوں کے وفود کے درمیان ملاقات میں پیپلزپارٹی کی طرف سے خورشید شاہ اور رضا ربانی جبکہ نون لیگ کی جانب سے احسن اقبال، ایاز صادق اور رانا تنویر نے شرکت کی۔

اس سے قبل یہ اطلاعات آئی تھیں کہ ممتاز قانون دان سینیٹر اعتراز احسن پیپلزپارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار ہوں گے، یہ بھی کہا گیا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کو اعتزاز احسن کے نام پر اعتماد میں لے لیا گیا ہے اور انہوں نے بھی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں