اعتزاز کی جگہ ربانی صدارتی امیدوار، ن لیگ کا مطالبہ

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ نون نے پاکستان پیپلزپارٹی کو پیشکش کی ہے کہ اگر رضاربانی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا تو وہ اس کی غیرمشروط حمایت کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے سینئررہنما سید خورشید شاہ اور رضا ربانی نے مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کی جس میں متفقہ صدارتی امیدوار لانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی، اس ملاقات کی اندرونی کہانی ہم نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ نون لیگ نے صدارتی انتخاب کے لیے اپنے تعاون کی مشروط پیشکش کی ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ پیپلزپارٹی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد جمع کرائے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے اعتزازاحسن کے نام پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور ان کے بجائے رضا ربانی کو اپوزیشن کا مفتقہ امیدوار بنانے کا کہا ہے، انہوں نے بتایا کہ عید کے روز شہباز شریف اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران نواز شریف کو بھی اس سلسلے میں اعتماد میں لیں گے۔

نون لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ میاں نواز شریف بھی رضا ربانی کے صدارتی امیدوار ہونے کے حق میں ہوں گے۔

اس وقت سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف اور حکومتی اتحاد کے 31 جبکہ اپوزیشن کے 63 سینیٹرز موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں