عیدالاضحیٰ پر پنجاب کے اساتذہ معاوضوں سے محروم

ترمیمی آرڈیننس کے خلاف اساتذہ میدان میں آ گئے

لاہور: پنجاب ایگزیم کمیشن (پی ای سی  ) کے تحت امتحانات لینے اور پرچے چیک کرنے والے اساتذہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی اپنے معاوضوں سے محروم رہیں گے۔

رواں سال فروری میں ہونے والے امتحانات کی نگرانی اور پرچے چیک کرنے کے معاوضے ادا کرنے کے لیے پی ای سی نے تین کروڑ روپے کا چیک جاری کیا تھا جو کہ باؤنس ہو گیا ہے۔

چیک منظور نہ ہونے کے سبب پنجاب بھر کے 60 ہزار سے زائد اساتذہ کئی مہینوں سے رکے ہوئے واجبات حاصل کرنے سے محروم رہ گئے ہیں۔

اس رقم سے فروری میں ہونے والے پانچویں اور آٹھویں جماعت کے امتحانات  کی نگرانی کرنے والے اساتذہ کو فی کس 10 ہزار روپے تک کی ادائیگی کی جانی تھی جبکہ پرچے چیک کرنے والے اساتذہ کو فی پرچہ 20 روپے کے حساب سے ادا کیے جانے تھے۔

ایک سینئر استاد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ہم نیوز کو بتایا کہ پرچہ چیک کرنے والا ہر استاد 1000 سے زائد پرچے چیک کرتا ہے، یعنی فی استاد چیکنگ کا معاوضہ کم سے کم 20 ہزار ملتا ہے۔

پی ای سی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اساتذہ کو ستمبر تک تمام معاوضوں کی ادائیگی کر دی جائے گی۔

پی ای سی کے جنرل سیکریٹری رانا لیاقت نے ہم نیوزسے بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق پنجاب حکومت نے ڈپارٹمنٹ کو جاری کیا گیا فنڈ روک لیا تھا اسی وجہ سے یہ چیک باؤنس ہوا، انہوں ںے انکشاف کیا کہ پچھلے سال ہونے والے امتحانات کے واجبات بھی اب تک ادا نہیں کیے گئے۔


رانا لیاقت نے الزام عائد کیا کہ پی ای سے کے چیف ایگزیکٹو کی غفلت کے سبب اساتذہ دو سال سے معاوضوں سے محروم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ یہ سوچے بیٹھے ہوتے ہیں کہ اضافی ڈیوٹی سے ملنے والا معاوضہ عید یا اس طرح کے تہواروں پر بچوں کی شاپنگ اور قربانی میں حصہ ڈالنے کے کام آئے گا لیکن بد قسمتی یہ ہے کہ ان کے دیے گئے چیک باؤنس ہو گئے، اگر کسی استاد کی جانب سے دیا گیا چیک باؤنس ہوتا تواس کے خلاف ادارہ مقدمہ قائم کر دیتا۔

رانا لیاقت کا کہنا تھا کہ ادارے کے سربراہ بیوروکریسی سے آتے ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے جائیں تو ادھر ادھر کی بات کر کے ٹال دیا جاتا ہے۔

اساتذہ کے اس معاملے کو اٹھانے پر انہوں نے ہم نیوز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پچھلے دو ماہ سے ہر اخبار اور ٹی وی چینل کا در کھٹکھٹا رہے ہیں لیکن کہیں شنوائی نہیں ہوئی۔


متعلقہ خبریں