عمران خان سادگی کی مثال قائم کر رہے ہیں، شاہ خاور

عمران خان سادگی کی مثال قائم کر رہے ہیں، شاہ خاور

اسلام آباد: سینئرماہرقانون شاہ خاور نے کہا ہے کہ ملکی قیادت جب کوئی مثال قائم کرے گی تو قوم بھی اس کی پیروی کرے گی، عمران خان سادگی کی مثال قائم کر رہے ہیں جس کا اثر نیچے تک جائے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کابینہ تشکیل ہوئے ابھی صرف دو دن ہوئے ہیں، تبدیلی راتوں رات نہیں آ سکتی لیکن عمران خان کو چند بڑے اور بنیادی مسائل پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ جب ان کوششوں کا اچھا نتیجہ سامنے آئے گا تو لوگ ان کا زیادہ ساتھ دیں گے۔

شاہ خاورنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں وہ سب باتیں کیں جو اپنے جلسوں میں کیا کرتے تھے، اب ان کو پرانی باتیں دہرانے کے بجائے مسائل کا حل بتانا چاہیے۔  لوگوں نے آج دو بڑی پارٹیوں کو مسترد کر کے ان کا ساتھ دیا ہے لہذا اب انہیں کام کر کے بھی دکھانا ہو گا۔

وزیراعظم ہاؤس میں دو ملازمین رکھنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو یہ بات نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ وزیراعظم ہاؤس دو ملازمین سے نہیں چل سکتا، دو ملازموں سے تو گھر بھی نہیں چل سکتا۔

ان کی رائے تھی کہ پہلے ہی اجلاس میں نواز شریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے سے سیاسی انتقام کا تاثر ملتا ہے۔

پروگرام میں شریک مہمان ایئر وائس مارشل شاہد لطیف کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی جو حالت ہے وہ سب تجربہ کار لوگوں نے کی ہے اس لیے یہ کہنا غلط ہے کہ چونکہ عمران خان کے پاس تجربہ نہیں ہے اس لیے وہ ملک نہیں سنبھال سکتے۔

عمران خان کی تقریر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ تقریر ایسی تھی جیسے وہ لوگوں سے بات چیت کر رہے ہوں۔ عمران خان شروع  سے کہہ رہے ہیں کہ احتساب ان سے شروع کیا جائے اس لیے آج دو ملازمین کو کام پر رکھنے کے حوالے سے ایک مثال قائم کر رہے ہیں۔

شاہد لطیف نے کہا کہ پنجاب ایک بہت اہم صوبہ ہے اور اس کا انتظام سنبھالنا آسان کام نہیں ہے اس لیے عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر ان کے تحفظات ہیں۔


متعلقہ خبریں