سدھو پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لیے متحرک


اسلام آباد: سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید سے رابطہ کیا ہے اور ان سے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے انعقاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔

انہوں نے تجویز پیش کی ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کی فاتح ٹیموں کے درمیان تین میچز کی سیریز منعقد کرائی جائے۔

اس سلسلے میں نوجوت سنگھ سدھوبھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اور فیصل جاوید پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بات کریں گے، دونوں کرکٹ بورڈز کے ساتھ اس سیریز کے مقام اور تاریخ پر بھی بات ہو گی۔

نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ کرکٹ دونوں ممالک کو قریب لانے میں مددگار ثابت ہو گی جبکہ فیصل جاوید نے کہا کہ بات چیت سے ہی تمام معاملات طے ہونے چاہئیں۔

فیصل جاوید نے نوجوت سنگھ سدھو کو وزیراعظم عمران خان کا شکریہ کا پیغام بھی دیا جبکہ سدھو نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کو ایک انمول تجربہ قرار دیا۔


متعلقہ خبریں