پاکستان میں دینی عقیدت و احترام کے ساتھ عیدالاضحیٰ کا تہوار جاری


اسلام آباد: پاکستان کے طول و عرض میں دینی عقیدت و احترام کے ساتھ عید الاضحی کا تہوار منایا جا رہا ہے۔ مساجد اور عیدگاہوں میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد اسلامیان پاکستان سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں قربانی کر رہے ہیں۔

نماز عید کے اجتماعات میں قربانی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا جب کہ نماز کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی، وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

عید کے موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

صدر ممنون حسین نے عیدالاضحیٰ پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ حضرت ابراہیمؑ کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیلؑ کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے، آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی۔

وزیر اعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں، ہمیں اپنے تمام تر مفادات اور تعصبات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا چاہیے۔

مسلح افواج کے سربراہوں، وزرائے اعلی، سیاسی جماعتوں کے سربراہوں سے سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد نے قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔


متعلقہ خبریں