کوشش کریں گے ڈاکٹر عافیہ جلد گھر لوٹیں، قریشی


ملتان: وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی نے دعوی کیا ہے کہ مسلم لیگ نون  پاکستان پیپلز پارٹی پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ صدرمملکت کے لیے اعتزاز احسن کا نام واپس لے۔

ملتان مین عید کی نماز کی ادا ئیگی کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پیپلزپارٹی نے اعتزاز کا نام سوچ سمجھ کا دیا ہوگا اگر پیپلز پارٹی نے دباؤ کے تحت ان کا نام واپس لیا تو یہ پیپلز پارٹی کی سیاست کو دفن کرنے کے مترادف ہو گا۔

انہوں  نے کہا کہ تحریک انصاف نے صدر کے عہدے کے لیے ڈاکٹر عارف علوی کو نامزد کیا ہے ہم چاروں اسمبلیوں سے گزارش کریں گے کہ عارف علوی کو منتخب کریں کیوں کہ وہ ایک اچھے انسان ہیں۔

شاہ محمود قریشی نی کہا کہ آج ہمیں بے پناہ مسرت ہوئی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق مل گیا ہے۔ ہماری یہ دیرینہ خواہش تھی کہ جو پاکستان سے باہر رہتے ہیں وہ بھی ووٹ ڈال سکیں۔

امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ عافیہ قوم کی بیٹی ہیں، ان کا خاندان جس کرب سے گزر رہا ہے ہمیں اس کا احساس ہے، میں نے  پہلے بھی کوشش کی اور اب بھی کوشش کروں گا کہ ڈاکٹر عافیہ جلد گھر لوٹ آئیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پانی کی قلت کا معاملہ ایک سنگین مسئلہ ہے جو ہماری لاپرواہی کی وجہ سے سنگین تر ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم اپنے پہلے خطاب میں بھاشا ڈیم کا ذکر کیا ہے۔

تنازعہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی وزیرخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا آگاہ ہے اور حکومت پاکستان اس سلسلے میں اپنا فرض ادا کرے گی۔


متعلقہ خبریں