اردو فیچر فلم ’پرواز ہے جنوں‘ پاکستان بھر میں ریلیز

اردو فیچر فلم ’پرواز ہے جنوں‘ پاکستان بھر میں ریلیز | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی فلم ’پرواز ہے جنوں‘ پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کر دی گئی ہے جس کے بعد فلم کا پہلا شو دوپہر ایک بجے دیکھا جا سکے گا۔

’پرواز ہے جنوں‘ کے رنگا رنگ پریمئیر نے پہلے سے منتظر شائقین فلم کو مزید متوجہ کرنے میں بھرپور کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد فلم کی ریلیز کا انتظار مزید بڑھ گیا تھا۔

ہانیہ عامر اور حمزہ علی عباسی سمیت اسٹار کاسٹ کو پاک فضائیہ کی یونیفارم میں دیکھنا یقینا شائقین کے لیے عمدہ تجربہ ثابت ہو گا۔

پاکستان میں اپنی نوعیت کے منفرد موضوع پر بننے والی فلم کے اب تک نشر کیے گئے مناظر نے سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچا رکھی ہے۔ ’پرواز ہے جنوں‘ کے مرکزی کردار بھی فلم کی ریلیز پر کافی پرجوش ہیں۔ اداکارہ ہانیہ عامر کا کہنا ہے کہ ’پرواز ہے جنوں‘ ایک فیملی فلم ہے جیسے لوگ اپنے گھر والوں کے ساتھ جا کر بھی دیکھ سکتے ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کے بنر تلے اس فلم کے زریعے مجھے ان جگہوں کو دیکھنے کا موقع ملا جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے تھےاور اس جدو جہد کا اندازہ ہوا جس سے ہمارے ائیر فورس کے جوانوں کو گزرنا پڑتا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ پریمیئر کے دوران ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ’پرواز ہے جنوں‘ ائیر فورس کی سخت ٹریننگ کی کہانی بیان کرتی ہے جو ہر نوجوان کو دیکھنی چاہیے تاکہ ان کے دل میں حب الوطنی اور ہمارے جوانوں کے لیے مزید عقیدت پیدا ہو۔

’پرواز ہے جنوں‘ کا اسکرپٹ معروف مصنفہ فرحت اشتیاق نے لکھا ہے جب کہ مومنہ درید کی پیشکش کے لیے ہدایتکاری کی ذمہ داری حسیب احسن نے نبھائی ہے۔


متعلقہ خبریں