کرپشن کرنے والا گھر جائے، وزیراعلی پنجاب



لاہور: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جسے کرپشن کرنی ہے اس کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ہے وہ گھر جائے۔

عیدالاضحی کی نماز کی ادائیگی کے بعد یتیم بچوں کے ادارے دارالشفقت میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یہاں آ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔

اہل وطن کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عوام کی خدمت کا موقع دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف کام، کام اور کام ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ دارالشفقت کے جو مسائل ہیں وہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنا ہے، تبدیلی لانی ہے یہ کوئی آسان کام نہیں ہے، چھٹیاں ختم ہوتے ہی بریفنگ کا سلسلہ شروع کریں گے۔

عثمان بزدار نے گزشتہ حکومت کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن سمیت جو بھی منصوبہ عوامی مفاد میں ہوا اسے جاری رکھیں گے، اورنج لائن منصوبے پر بریفنگ لوں گا اس کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے ایجنٹ ہیں، پاکستان کے لئے کام کریں گے۔


متعلقہ خبریں