صوبائی کابینہ کا اعلان آئندہ دو روز میں، وزیراعلی کے پی


لاہور: وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وزیراعلی ہاوس کے بجائے منسٹر ہاوس میں رہائش رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

عید کے روز پشاور شہر میں صفائی اور جانوروں کے آلائشوں کو ٹھکا نے لگانے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے دورہ کے دوران ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی  کابینہ کا اعلان آئندہ دو روز میں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ شہر کی صفائی سے 100 فیصد مطمئن نہیں ہیں، اس حوالے سے تندہی سے مزید کام  کرنے کے ضرورت ہے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت کفایت شعاری کی پالیسی اپنائے گی اور حکومتی اخراجات کو کم سے کم کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ شہر کا دورہ کرکے شہریوں کی مشکلات کا اندازہ لگانے نکلے ہیں۔ محمود خان نے کہا کہ شہریوں کی مسائل کا حل اور ان کی بنیادی ضرورتوں کو پورا کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے تحریک انصاف کو تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے اور حکومت تبدیلی کے ایجنڈے کو پورا کرے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت کی کوشش ہوگی کہ غیر ترقیاتی اخراجات کو کم سے کم رکھا جائے۔

وزیراعلی نجی گاڑیوں کے جلو میں پشاور کے دورہ کو نکلے تو ان کے ساتھ ضلع ناظم پشاور کے علاوہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کامران بنگش اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں