آرمی چیف کی منیٰ میں سعودی ولی عہد سے ملاقات

مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے باہمی تعاون کا فروغ چاہتے ہیں، آرمی چیف

راولپنڈی: فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود پاکستان آرمی کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل  میجر جنرل آصف غفور کے مطابق سعودی ولی عہد نے گذشتہ شب آرمی چیف جنرل قمر باجوہ  کےاعزاز میں عشائیہ دیا۔ عشائیہ کے بعد آرمی چیف اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات بھی ہوئی ۔

سعودی ولی عہد نےجنرل قمر جاوید باجوہ کو حج کی ادائیگی پرمبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا۔

سعودی ولی عہد نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گا۔ انہوں نے نئی پاکستانی حکومت کو بھرپور تعاون فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کے اظہار اور تعاون کی یقین دہانی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کے موقع پر اپنے  پیغام میں افواج پاکستان کی طرف سے تمام پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد دی تھی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دعا کی تھی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن اور خوشحالی عطا فرمائے۔


متعلقہ خبریں