بھارت نے انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست دے دی


ناٹنگھم: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز بھارت نے 203 رنز سے فتح حاصل کر لی ہے۔

ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 317 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اس سے پہلے بھارت نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 521 رنز کا ہدف دیا تھا۔

انگلینڈ کی جانب سے بٹلر نے طویل مزاحمت دکھائی اور 106 رنز کی شاندار اننگر کھیلی تاہم کوئی دوسرا کھلاڑی ان کا زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکا جس کی وجہ سے 104 اوورز کھیلنے کے بعد انگلینڈ کی پوری ٹیم 317 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے صرف 85 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشانت شرما نے 70 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی ٹیم نے کرکٹ کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہر مرحلے پر اپنی مخالف ٹیم پر سبقت قائم رکھی۔

اس سے قبل دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی ٹیم ایک اننگز سے شکست کا سامنا کر چکی ہے جس کے بعد اس پر شدید تنقید ہوئی تھی، 5 میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو ایک کی برتری حاصل ہے۔

دونوں ملکوں کی تاریخ پر نطر دوڑائی جائے تو گزشتہ 11 مقابلوں میں انگلینڈ کے خلاف بھارت صرف ایک میچ ہی جیت سکا ہے، 2007 کے بعد بھارت کو پہلی فتح نصیب ہوئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں