پاکستان ہاکی ٹیم کی عمان پر 10 گول سے فتح


جکارتہ: 18 ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم نےعمان کو صفر کے مقابلے میں 10 گول سے شکست دے کر ایک اور معرکہ جیت لیا۔

پاکستان اور عمان کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں علی شان نے 3 جبکہ محمد دلبر اورمحمد عمران نے2،2 گول کر کے پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔

اعجازاحمد، محمد عرفان اور محمد عتیق نے ایک ایک گول کر کے پاکستان کی جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔

2014 کے ایشین گیمز میں بھی پاکستان نے عمان کو 8-0 سے شکست دی تھی۔

اس سے قبل پاکستان نے ہاکی کا اپنا پہلا میچ پیر کے روز تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو10 کے مقابلے میں صفر گول سے شکست دی۔

پیر کے روز ہونے والے میچ میں پاکستان کی جانب سے محمد عتیق 3 گول کرکے نمایاں رہے جب کہ محمد ابو بکر، محمدعرفان اور توثیق ارشد نے دو دو اور مبشر علی نے ایک ایک گول اسکور کیا۔

ایونٹ میں پاکستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے جس میں ملائیشیا، عمان،  بنگلہ دیش، تھائی لینڈ اورانڈونیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

قومی ہاکی ٹیم ٹورنامنٹ کا ایشین گیمز کے سلسلے میں اپنا اگلا میچ 24 اگست کو انڈونیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ گرین شرٹس کا مقابلہ 26 اگست کو ملایشیا اور 28 اگست کو بنگلہ دیش سے ہونا باقی ہے۔

سیمی فائنل اورفائنل میچ بالترتیب 30 اگست اور یکم ستمبر کو کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان کا مقابلہ اپنے روایتی حریف بھارت کے ساتھ ہو سکتا ہے۔

ایشین گیمز2014 میں قومی ہاکی ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔


متعلقہ خبریں