’پرواز ہے جنوں‘ پاکستان کے سینما گھروں میں چھا گئی


کراچی/لاہور/فیصل آباد: مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کی اردو فیچر فلم ’پرواز ہے جنوں‘ ریلیز ہوتے ہی پاکستان کے سینما گھروں میں چھا گئی ہے، شائقین نے فلم کو امیدوں سے بڑھ کر شاندار قرار دیا ہے۔

ملک کے دیگر بڑے شہروں کی طرح کراچی کے چار سینما گھروں میں فلم کی نمائش کی گئی، اس موقع پر شائقین کا کہنا تھا کہ فلم کا ٹریلر دیکھنے کے بعد انہیں ’پرواز ہے جنوں‘ کا بے تابی سے انتظار تھا، انہیں احساس ہوا ہے کہ پاکستان میں معیاری فلموں کا ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے۔

شائقین کے مطابق فلم کا موضوع انتہائی اچھوتا ہے اور فنکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھا کر فلم کو چار چاند لگا دیے ہیں، ایڈوانس بکنگ کرانے والے خوشی خوشی سینما گھر پہنچے جبکہ جن افراد کو ٹکٹ نہ مل پایا انہوں نے اگلے روز کا ٹکٹ ملنے کو غنیمت جانا۔

کراچی کی طرح لاہور میں بھی ’پرواز ہے جنوں‘ نے شہریوں کے دل جیت لیے، سینماؤں پر ہاؤس فل کے بورڈز لگ گئے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کو ایسی ہی فلموں کی ضرورت ہے۔

شائقین نے فلم دیکھنے کے بعد کہا کہ اس کی مدھرموسیقی،، عمدہ شاعری اور عاطف اسلم کی جادو بھری آواز نے خوبصورت رنگ بکھیر دیے ہیں۔

ارض پاک سے محبت اور وفاداری کا پیغام دیتی فلم کو لاہور کے شہریوں نے لالی وڈ کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا۔

بڑی عید پر فیصل آباد کے سینما گھروں پر بھی ’پرواز ہے جنوں‘ دیکھنے کے لیے شائقین کا ایک ہجوم امڈ آیا، پہلے شو پر ہی ہاؤس فل ہو گیا جبکہ کئی فیملیز نے ایڈوانس بکنگ کر رکھی تھی۔

سینما گھروں نے عوام کی جانب سے ملنے والی بھرپور پذیرائی کے بعد فلم کے شوز بڑھا دیے ہیں،  شہریوں نے عید پر بہترین تفریح کا موقع دینے پر مومنہ اینڈ درید پروڈکشنز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

’پرواز ہے جنون‘ کی   جاندار کہانی میں  پاک فضائیہ کے بہادر پائلٹس اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ حمزہ علی عباسی مرکزی کردار ادا  کر رہے ہیں۔ دیگر فنکاروں میں ہانیہ عامر، احد رضا میر، شمعون علی عباسی، شاز خان اور کبریٰ خان  شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں