ملک میں کوئ وی آئی پی نہیں ہے،وزیراعلیٰ کے پی

طبی عملے اور پولیس کی خدمات کو خراج تحسین

سوات: نو منتخب وزیراعلیٰ  خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ  سادگی اپنانا پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے جس پر من وعن عمل کیا جا ئے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں اب کوئی وی آئی پی نہیں ہے۔

اپنے آبائی علاقے سوات میں رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کر تے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کو ترقی کے سفر پر گامزن کر نا موجودہ حکومت کا  مقصد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ سوات کے نہیں پورے صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ سی ایم ہاؤس میں نہیں رہیں گے اور نہ ہی پی ٹی آئی کے نامزد گورنر، گورنر ہاؤس میں  قیام پذیر ہوں گے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ نئے صدر مملکت بھی ایوان صدر میں نہیں رہیں گے۔

وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے اورہمیں سادگی اپنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وادی سوات میں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا ئے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔

پشاور میں گزشتہ روز ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا تھا کہ آئندہ دو دن میں صوبائی کابینہ کا اعلان کردیا جائے گا۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کفایت شعاری کی پالیسی اپنائے گی اور حکومتی اخراجات کو کم سے کم کرنے کی کوشش کریں گے۔

کے پی کے وزیراعلیٰ محمود خان کا مؤقف تھا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو تبدیلی کیلئے ووٹ دیا ہے اور حکومت تبدیلی کے ایجنڈے کو پورا کرے گی اورانشا اللہ عوامی امنگوں پر پورا اترے گی۔


متعلقہ خبریں