عیدالاضحیٰ: قربانی کا سلسلہ جاری ہے


اسلام آباد: سنت ابراہیمی کی پیروی میں عید الاضحیٰ کے دوسرے دن بھی ملک کے مختلف شہروں میں قربانی سلسلہ جاری ہے۔ پاکستانی مسلمان دیگر ممالک کے مسلمانوں کی طرح  اللہ تعالیٰ کی راہ میں گائے، بیل، بکرے، دنبے اوراونٹ کی قربانی کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق جانوروں کی قربانی دیکھنے کے لیے بچے بہت زیادہ پرجوش ہیں اورپوری طرح اپنے بڑوں کا ہاتھ بٹارہے ہیں۔

بڑوں کی اکثریت آج نت نئے پکوان بنانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اورایک دوسرے کی کھانا پکانے کی نئی تراکیب سے بھی آگاہی دلارہے ہیں۔

صوبائی حکومتوں اور شہری انتظامیہ کی جانب سے جانوروں کی الائشیں اٹھانے کے لیے آپریشن بھی جاری ہے لیکن اس کے باوجود مختلف علاقوں سے یہ خبریں بھی موصول ہورہی ہیں کہ تمام تر اعلانات کے باوجود بعض جگہوں پر عملہ نہیں پہنچ سکا ہے۔

جانوروں کی الائشیں نہ اٹھائے جاسکنے کے باعث نہ صرف گندگی پھیل رہی ہے، تعفن نے علاقہ مکینوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کردیا ہے بلکہ یہ خدشات بھی سر اٹھارہے ہیں کہ اگر فی الفورکارروائی نہ کی گئی تو ہونے والی بارشوں کے سبب امراض بھی پھوٹ سکتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق مختلف شہروں میں وہ شہری جو گزشتہ روز قربانی کا فریضہ سرانجام دے چکے ہیں وہ تفریح کی غرض سے مختلف مقامات کا اپنے اہل خانہ کےہمراہ  رخ بھی کررہے ہیں جبکہ زیادہ تر گھروں میں مہمانان کی آمد کے سبب طرح طرح کے پکوان بھی پکائے جارہے ہیں۔

سنت ابراہیمی کی پیروی میں کل بھی مسلمانان عید قرباں منائیں گے اور مختلف افراد کی جانب سے قربانی کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں