آصف زرداری سے اعتزاز احسن کی ملاقات

حکومت کے سامنے اصل اپوزیشن پیپلز پارٹی ہے، آصف زرداری

فوٹو: فائل


نواب شاہ:  پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے سینئر رہنما اور پارٹی کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار بیرسٹر اعتزاز احسن نے اہم ملاقات کی ہے۔

ہم نیوزکے مطابق سابق صدر پاکستان سے ملاقات کے لیے اعتزاز احسن خصوصی طیارے میں نواب شاہ پہنچے تو ان کے ہمراہ سابق وفاقی وزیر قمرالزماں کائرہ بھی تھے۔

آصف علی زرداری کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ بھی موجود تھے۔

پی پی پی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق دوران ملاقات صدارتی انتخابات سمیت دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سنئیر رہنماوں نے صدارتی انتخابات کیلئے پارٹی کی حکمت عملی پر بھی صلاح و مشورہ کیا۔

پی ایم ایل(ن) نےاعتزاز احسن  کی متحدہ اپوزیشن کے متفقہ امیدوار کے طور پر نامزدگی کی مخالفت کی ہے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ایم ایل (ن) نے پاکستان پیپلزپارٹی کو پیشکش کی ہے کہ اگر رضاربانی کو صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا تو وہ اس کی غیرمشروط حمایت کرے گی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنما سید خورشید شاہ اور رضا ربانی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی تھی جس میں متفقہ صدارتی امیدوار لانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی۔

ہم نیوز نے ذرائع  کو یہ بھی بتایا کہ (ن) لیگ نے صدارتی انتخاب کے لیے اپنے تعاون کی مشروط پیشکش بھی کی ہے کہ اگرپی پی پی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائے تو بھی اس کی حمایت پر غور کیا جاسکتا ہے۔

سینیٹ میں اس وقت پاکستان تحریک انصاف اور حکومتی اتحاد کے 31 جب کہ اپوزیشن کے 63 سینیٹرز موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں