نواز شریف سے ملاقات: لیگی رہنماؤں کی جیل آمد

نواز شریف اور مریم کے معاملے پر روایتی سستی یا تاخیری حربے | urduhumnews.wpengine.com

راولپنڈی:  سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے پارٹی کے اہم رہنما اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں۔ ملاقات کے لیے آنے والوں میں پرویز رشید، خواجہ آصف، دانیال عزیز، امین الحسنات، عبدالقادر بلوچ، خرم دستگیر، چودھری تنوی،مصدق ملک، مریم اورنگزیب اور طاہرہ اورنگزیب سمیت دیگر شامل ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے آج مسلم لیگ کے رہنما، دوست احباب اور دیگر رشتہ دار جیل میں ملا قات کریں گے۔ اڈیالہ جیل حکام نے گزشتہ روز ملاقات کی اجازت نہیں دی تھی۔

جیل حکام کا مؤقف تھا کہ عید کی چھٹیوں کی وجہ سے وہ جمعرات ہونے  کے باوجود ملاقات نہیں کرائیں گے البتہ جمعہ کے دن ملاقات کی اجازت ہوگی جس کی اطلاع بھی دے دی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق نوازشریف اورمریم نواز  سے ہونے والی ملاقات کے پیش نظراڈیالہ جیل کے باہر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے اور اضافی اہلکاروں نے ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں۔

اڈیالہ جیل حکام حکام کا کہنا ہے کہ  آج صبح نو سے دوپہر ایک بجے تک  نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی جا سکتی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے گفتگو کر تے ہوئے سابق وفاقی وزیرخواجہ آصف نی کہا کہ انہیں دو دن اجازت نہیں ملی لیکن آج نواز شریف سے عید ملنے جارہا ہوں۔

جب ان سے عید کے بعد تحریک چلانے سے متعلق دریافت کیا گیا تو انہوں نے جواب دینے کے بجائے خاموشی اختیار کرلی اور جیل کے اندر ملاقات کے لیے چلے گئے۔

عید الاضحیٰ کے پہلے دن  بھی شریف خاندان کے مختلف افراد نے اڈیالہ جیل میں قید پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کی تھی۔

سابق وزیراعطم سے ملاقات کرنے والوں میں نواز شریف کی والدہ، پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز اورعباس شریف  شامل تھے۔

ملاقات میں شریف خاندان کے افراد نے نواز شریف اور مریم نواز کو عید کی مبارکباد دی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس میں دی گئی سزا کے خلاف اپیلوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی تھی اور ملک کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں