بلوچستان کی ترقی کے اقدامات کیے جائیں گے،وزیراعظم


لاہور: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معاشی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ملک کے سب سے بڑے صوبے کے عوام  کا احساس محرومی کو دور کیا جا سکے۔

انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے وزیراعظم سیکریٹریٹ میں ملاقات کے موقع پرکہی۔ اس موقع پرچیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی اور وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو قائد ایوان منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور صوبے کی تعمیرو ترقی سمیت  دوسرے اہم امور پر بات چیت کی ۔

وزیراعظم عمران خان سے سیکریٹریٹ میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ملاقات کی اورانہیں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے سمیت عید کی مبارکباد پیش کی۔

ہم نیوز کے مطابق ملاقات میں قومی اسمبلی کے بزنس سمیت دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم پاکستان نے حکومت کی سادگی اور کفایت شعاری کی پالیسی کے تحت اسمبلی اخراجات ممکنہ حد تک کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو نئے پاکستان کی اسمبلی سے بہت سی توقعات ہیں۔


متعلقہ خبریں