روس: امن مشقوں میں پاک بھارت کی شرکت


اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم کے بینر تلے امن مشقیں  روس میں جا ری ہیں جس میں پاکستان اور بھارت کے فوجی دستے بھی شریک ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق امن مشقوں کا آغاز بائیس اگست کو روس میں ہوا۔ امن مشقوں میں پہلی مرتبہ پاکستان اور بھارت کے فوجی دستے بھی حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستان کا دستہ 80 فوجی جوانوں پر مشتمل ہے جب کہ بھارت کی جانب سے تقریباّ دو سو فوجی حصہ لے رہے ہیں۔ امن مشقوں میں مجموعی طور پر شنگھائی تعاون تنظیم کے آٹھ رکن ممالک کے تین ہزار فوجی شریک ہیں۔

روس کے مرکزی فوجی ڈسٹرکٹ پریس آفس کے مطابق ان مشقوں میں چینی فوج کے 100 سے زیادہ جنگی ہتھیار شامل ہیں جب کہ اس کے 700 فوجی بھی حصہ لے رہے ہیں۔

امن مشقوں کا حصہ روس، جمہوریہ کرغیزستان، قازقستان، تاجکستان اور ازبکستان کے فوجی دستے بھی ہیں۔ امن مشقیں ایس سی او کے چین میں ہونے والے سالانہ اجلاس کے تین ماہ بعد منعقد ہو رہی ہیں۔

ان مشقوں کا مقصد رکن ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ اور انتہا پسندی و دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہے۔ یہ مشقیں دس دن جاری رہیں گی۔


متعلقہ خبریں