کراچی: ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ، 2 افراد جاں بحق


کراچی: کراچی میں لٹیرے ایک بار پھر سر گرم ہوگئے۔ یوپی موڑ پر ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے دو افراد جان سے ہاتھ دو بیٹھے جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

یوپی موڑ سندھ گورنمنٹ اسپتال کے سامنے دو موٹر سائیکل پر سوار 4 ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت 42 سالہ سلیم اور 25 سالہ اعظم کے نام سے ہوئی جبکہ 35 سالہ شخص شدید زخمی ہوگیا جس کی شناخت ارشد کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تینوں افراد ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہیں ملزمان نے لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی وسطی عرفان بلوچ کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے 6 خول ملے ہیں۔

آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی غربی سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کر لی۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق گزشتہ 7 ماہ کے دوران ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے 31 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ڈکیتی کے زیادہ تر واقعات ضلع ملیر اور ضلع وسطی میں پیش آئے۔


متعلقہ خبریں