پاکستان اب مغرب کا محبوب نہیں رہا، شاہ محمود قریشی

مؤثر سفارت کاری کی وجہ سے پاکستان پوری دنیا کا مرکز بن چکا، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اب مغرب کا محبوب نہیں رہا ہے جبکہ تعلقات میں تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی۔

شاہ محمود قریشی نے دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو وزارت خارجہ میں وزیراعظم آئے جنہیں خارجہ پالیسی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، میں خود بھی 7 سال بعد وزارت خارجہ میں آیا ہوں یہاں کی تو دنیا ہی بدل چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کے تمام ادارے ایک پیچ پر ہیں جبکہ میری جانب سے پاکستان کی مؤثر ترجمانی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کی حالیہ کشیدگی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے جبکہ ہم ایران کے وزیر خارجہ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، وہ 30 اور 31 اگست کو پاکستان آنا چاہتے ہیں جبکہ چین کے وزیر خارجہ 8 اور 9 اگست کو پاکستان آ رہے ہیں اور امریکی سیکرٹری خارجہ کی بھی 5 ستمبر کو پاکستان آمد متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات اہمیت اختیار کرسکتی ہے جبکہ امریکہ سے اب ویسے تعلقات نہیں رہے جیسے پہلے تھے تاہم امریکی حکام کو پاکستان کے تقاضے سمجھنے ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق جب کسی بھی ملک کا دورہ کریں گے تو نہ ہی فرسٹ کلاس میں سفر کریں گے اور نہ ہی فائیو اسٹار ہوٹل میں رہیں گے۔

وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں استحکام بہت ضروری ہے اور خطے میں امن و امان ہماری ضرورت ہے جبکہ افغانستان میں امن اور استحکام ہمارے امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔


متعلقہ خبریں