اسپیکر قومی اسمبلی کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جمعہ کے روز اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ اسد قیصر نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایا ز صادق اور سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں رہنماؤں کو عید کی مبارک باد دی اور قومی اسمبلی کا اجلاس اچھے طریقے سے چلانے پر گفتگو کی۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ایوان کی کارروائی تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت لے کر کی جائے گی لیکن ایوان کے احترام اور تقدس کا پورا خیال رکھنا اراکین کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ایوان کو پر امن رکھنے کے لیے اپوزیشن  کا کردار نہایت اہم ہے۔

موجودہ حکومت کی ترجیحات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت کی اولین ترجیح ملک کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانا ہے۔

ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

ملک میں پانی کی قلت کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسپیکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت پانی کے بحران کا سامنا ہے۔ جسے اتفاق رائے سے حل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے غربت کا خاتمہ کرنا اور مہنگائی پر قابو پانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ عوامی اور قومی مسائل کا حل باہمی مشاورت سے قانون سازی کر کے نکالا جائے گا، قانون سازی کے لیے اراکین کو پارٹی وابستگیوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ ان سے بالاتر ہو کر اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔

سردار ایاز صادق اور سید خورشید شاہ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو اسپیکر کا عہدیٰ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

اس موقع پر سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہانا تھا کہ اپوزیشن کو ایوان میں اپنی بات بیان کرنے کے لیے مناسب موقع فراہم کرنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں