وزیراعظم سمیت دیگر کو فرسٹ کلاس سفر کی سہولت ختم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اپنے دوروں کے دوران خصوصی جہاز استعمال نہیں کریں گے جبکہ وزیراعظم، وفاقی وزیر خارجہ، چیف جسٹس پاکستان سمیت دیگر کو فرسٹ کلاس میں سفر کی سہولت ختم کرتے ہوئے کلب کلاس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے صدر مملکت، وزیراعظم اور اراکین قومی اسمبلی کے صوابدیدی فنڈز ختم کردیے ہیں۔ سابق وزیراعطم نوازشریف نے ایک سال میں 51 ارب روپے کے صوابدیدی فنڈزاستعمال کیے جبکہ صدر مملکت نے 8 سے 9 کروڑ کا صوابدیدی فنڈز استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب ملک میں کوئی بھی منصوبہ شروع کرنے سے پہلے وفاقی کابینہ میں زیر بحث لایا جائے گا جبکہ وفاقی کابینہ نے ہفتہ وار اضافی چھٹی ختم نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری دفاتر کے اوقات صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ملتان، اسلام آباد اور لاہور کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کیے۔ اب ان منصوبوں کی فارنزک آڈٹ کرائی جائے گی تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ ان منصوبوں پر کتنی رقم خرچ کی گئی اور اگر ضرورت ہوئی توایف آئی اے سے ان منصوبوں سے متعلق تحقیقات کرائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں اربن ٹری پلانٹیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس میں بڑے پیمانے پر درخت لگائے جائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عید پر پورے ملک میں ہونے والی لوڈشیڈنگ پر وزیراعظم نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ حکومت نے نئے پاور پلانٹس پر توجہ دی لیکن ڈسٹری بیوشن پر توجہ نہیں دی تھی۔ وزیراعظم نے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں ڈسٹری بیوشن کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔


متعلقہ خبریں