سندھ میں 40 ہزار میٹرک ٹن سے زائد الائشیں اُٹھائی گئیں، سعید غنی


کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ صوبے بھر میں 9 لاکھ 80 قربانی کے جانوروں کی 40 ہزار 762 میٹرک ٹن الائشیں اُٹھائی گئی ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے سرجانی ٹاؤن میں لینڈ فل سائیٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بلدیات کے ملازمین نے عید نہیں منائی بلکہ کراچی کے لوگوں کے لیے صفائی ستھرائی کا کام کیا۔ جن لوگوں نے الائشیں اٹھانے میں بہتر کام اور تعاون کیا ہے اُن سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

سعید غنی نے کراچی میں بہتر صفائی پر سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تمام افسران اور میئر کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسی دل جمعی کے ساتھ صفائی کا کام کیا جائے تو شہر کا نقشہ ہی بدل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں صفائی کی صورت حال اس وقت سندھ کے دیگر شہروں کے مقابلے میں سب سے اچھی ہے۔ حیدر آباد میں کہیں کہیں الائشیں موجود تھیں جنہیں فوری طور پر اٹھانے کا حکم دیا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ اگلے سال قربانی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے حوالے سے ابھی سے منصوبہ بندی کریں گے جبکہ صوبے میں جلد ہفتہ صفائی مہم بھی شروع کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں