پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستان کمیشن تحلیل کر دیا


لاہور: نو منتخب پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستان کمیشن کو تحلیل کر دیا۔

پنجاب حکومت نے صوبے میں پہلا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے تحفظ کے لیے بننے والے ادارے کو ہی بند کر دیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے جی او آر ون کا اوورسیز پاکستان کمیشن پنجاب کا دفتر سابق آئی جی خیبر پختونخوا ( کے پی ) ناصر خان درانی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستان کمیشن کو ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کمیشن کا دفتر فوری طور پر خالی کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے آرڈیننس کے ذریعے اوورسیز پاکستان کمیشن پنجاب قائم کیا تھا جس کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کی جائیداد کو محفوظ کرنا اور ان کو فراڈ سے بچانا تھا۔

ذرائع کے مطابق اوورسیز پاکستان کمیشن پنجاب میں 17 ہزار سمندر پار پاکستانیوں کی شکایات آئی تھیں جبکہ اوورسیز پاکستان کمیشن پنجاب میں ہزاروں افراد کی درخواستیں ابھی زیر سماعت تھیں۔ یہ کمیشن 9 ہزار پاکستانیوں کے کیسز بھی حل کر چکا ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستان کمیشن پنجاب کے مستقل ملازمین کو پیر کے روز ایس اینڈ جی اے ڈی میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں