مری:اے پی سی میں شرکت کے لیے قائدین کی آمد


مری: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی کوشش ہے کہ صدارتی انتخاب میں مشترکہ امیدوار کو سامنے لایا جائے۔ پاکستان میں صدارتی انتخاب چار ستمبرکو ہو گا۔

پی ایم ایل (ن) کے زیر اہتمام ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس سے پہلے ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بھرپور کوشش کرے گی کہ اپوزیشن کا متفقہ صدارتی امیدوار لایا جائے ۔

سابق وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا ہو جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے میزبان جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن)  اوردیگرجماعتوں کے قائدین و رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی اے پی سی میں شرکت کے لیے پہنچنے والے رہنماؤں کو گیٹ پر تعینات گارڈز مہمانان کی فراہم کردہ لسٹ دیکھ کر اندر جانے کی اجازت دے رہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پی ایم ایل (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیرجنرل (ر) عبدالقادر بلوچ جب پہنچے تو وہاں تعینات گارڈ نے اپنا تعارف کرانے اوران کا نام لسٹ میں دیکھنے کے بعد گھر میں جانے کی اجازت دی۔

اے پی سی میں شرکت کے لیے پی پی پی کا اعلیٰ سطحی وفد مری روانہ ہوگیا جس میں سید یوسف رضا گیلانی، سید خورشید احمد شاہ، راجہ پرویز اشرف ، شیری رحمان، نوید قمر اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔

ایم ایم اے کا تین رکنی وفد مولانا فضل الرحمان کی سربراہی  اے پی سی میں شرکت کیلئے مری پہنچنے والا ہے۔  وفد میں مولانا فضل الرحمن، لیاقت بلوچ اور شاہ اویس نورانی شامل ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق اے پی سی میں شرکت سے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے معذرت کرلی ہے کیونکہ وہ اتوار کو اسلام آبا دپہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق ان کی نمائندگی پارٹی کے دیگر قائدین کریں گے اوران کی عدم شرکت سے پی ایم ایل (ن) کی قیادت کو آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے کارکنان بھی میاں نواز شریف کے گھر کے باہر پہنچ گئے ہیں۔ لیگی کاارکنان نے ہاتھوں میں نواز شریف اور شہباز شریف کی تصاویر اٹھا رکھی ہیں اور وہ شدید نعرے بازی کررہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں