آرام حرام ہے: شیخ رشید احمد کا نیا نعرہ


لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ان کا نیا سلوگن ” آرام حرام ہے” ہے اور جب تک وہ وزیر ریلوے ہیں نہ خود سکون سے بیٹھیں گے اور نہ ہی کسی کو آرام کرنے دیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وہ ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کر  رہے تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بطور وفاقی وزیر ریلوے ان کا  ٹارگٹ  ریلوے کے آمدن کو بڑھانا اور خسارہ کم کرنا ہے۔ انہوں نے ریلوے افسران پر زور دیا کہ وہ اس ٹارگٹَ کے حصول کے لیے ان کے ساتھ تعاون کریں ۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد  نے کہا کہ ان کا فوکس مارکیٹنگ اسٹریٹیجی بنانے اورمال بردار ٹرینوں کی تعداد بڑھانے پر ہوگا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ریلوے کے خول سے باہر نکل کر دیکھیں، پرائیویٹ سیکٹر کو ریلوے میں سرمایہ کاری کے لیے متوجہ کریں اوران کے لیے سازگار ماحول بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کی قیمتی زمینوں پہ کمرشل پلازے بنانے کی ضرورت ہے کیوں کہ ریل پلازوں  سے ریلوےکی آمدن بڑھے گی۔

شیخ رشید احمد نے ریلوے اسٹیشنوں کے قریب گندگی ختم کرنے کے لیے فوری طور پر صفائی ٹاسک فورس بنانے کا  بھی حکم دیا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے  دس سال بعد ریلوے میں قدم رکھا ہے مگر افسوسناک بات یہ ہے کہ بہت سے مسائل وہیں کھڑے ہیں جہاں وہ چھوڑ کر گئے تھے۔

شیخ رشید احمد گزشتہ روز لاہور جانے کے لیے راولپنڈی سے ٹرین میں سوار ہوئے تھے اورانہوں نے عام مسافروں کے ساتھ سفر کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ عوامی مسائل معلوم کرنے کے لیے لوگوں کے ساتھ سفر کرنا اوران سے بات چیت کرنا نہایت ضروری ہے۔


متعلقہ خبریں