صدارتی انتخاب: پی ٹی آئی کا اجلاس طلب


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف بھی صدارتی انتخاب کے حوالے سے متحرک ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی نے پارٹی کے اہم اورسینئر رہنماؤں کا اہم اجلاس آج سہ پہر تین بجے طلب کرلیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق نومنتخب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں پارٹی رہنما چیئرمین پی ٹی آئی کو اب تک کیے جانے والے رابطوں سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ پارٹٓی کے مرکزی اورسینئر اوررہنما وزیراعظم پاکستان کو یہ بھی بتائیں گے کہ جب انہوں نے اپنی اتحادی جماعتوں کی قیادت اوردیگر رہنماؤں سے رابطے کیے تو ان کا ردعمل کیا تھا اوران کے رویے کیسے تھے؟

ہم نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما گزشتہ دنوں آزاد اراکین اسمبلی سے کیے جانے والے رابطوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کریں گے۔

ذمہ دار ذرائع نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم پاکستان اجلا س میں شریک اہم رہنماؤں کو پارٹی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے اور کچھ اہم ہدایات بھی دیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف چار ستمبر 2018 کو ملک میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے ڈاکٹر عارف علوی کو اپنا امیدوار نامزد کرچکی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی، متحدہ مجلس عمل، عوامی نیشنل پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی آج صدارتی انتخاب میں اپنا مشترکہ امیدوار لانے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس میں سرجوڑ کربیٹھی ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے بیرسٹر اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیے جانے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

اے پی سی سابق وزیراعظم نواز شریف کی مری میں واقع رہائش گاہ پر بلائی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں