اپوزیشن کا مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر اتفاق


مری: مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے مشترکہ صدارتی امیدوار کا اعلان اتوار کے روز کیا جائے گا۔

مری میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی ) کے بعد احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر اتفاق کرلیا ہے تاہم پیپلزپارٹی نے قیادت کو اعتماد میں لینے کا وقت مانگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ووٹنگ نظام پر تحفظات ظاہر کیے گئے ہیں۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے اوورسیز پاکستانیز کے ووٹنگ کے حق کی حمایت کی ہے تاہم الیکشن کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ووٹنگ کا نظام عجلت میں متعارف کرا رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے اور دھمکیاں دی جارہی ہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) کے افتخار حسین کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ ہر شہری کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر انتقامی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور کابینہ کے پہلے اجلاس میں ہی سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں