چیف جسٹس کا لاہور سے اشتہاری بورڈ اتارنے کا حکم


لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے لاہور کے تمام علاقوں سے فوری طور پراشتہاری بورڈز اتارنے اور سروسز اسپتال کی خراب لفٹیں فوری ٹھیک کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہفتے کے روز مفاد عامہ کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ لاہور میں اشتہاری بورڈز کی تنصیب کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس  دیئے کہ شہر کو صاف رکھنا میئر کی ذمہ داری ہے اور شہر میں لگے اشتہاری بورڈز اتروا کر وہ اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

سروسز اسپتال کی لفٹس فعال نہ ہونے پر ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ متعلقہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(  سی ای او ) حج سے واپس آتے ہی، کپڑے بدلیں اور لفٹیں ٹھیک کرانے پہنچ جائیں۔

یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا کی ڈگریوں پر ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کو ایک ہفتے میں معاملے کی  تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

چیف جسٹس نے عدالتی احکامات نظر انداز کرنے پر سیکرٹری صحت پنجاب کی سخت سرزنش کرتے ہوئے  کہا کہ عدالت حکم دیتی ہے سفارش نہیں کرتی۔ آپ شہریوں کی فائلیں دباتے ہیں جس کی وجہ سے آپ کو عدالت آنا پڑتا ہے۔

چیف جسٹس نے وکیل عاصم شاہ پر سپریم کورٹ میں اونچی آواز میں بات کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں وکلاء گردی نہیں چلےگی۔


متعلقہ خبریں