معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے، سنجرانی


اسلام آباد: قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ ملک میں معاشی بحران اور پانی جیسی قیمتی نعمت کی کمی کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

قائم مقام صدر مملکت صادق سنجرانی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی اور انہیں  اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات میں ملک کی موجودہ صورت حال اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو مکمل کرنے کا اعادہ کیا۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی ایک مستند ادارہ ہے جو قانون سازی کے ذریعے ملک کے فرسودہ نظام میں اصلاحات لا سکتا ہے اور قانون سازی کے عمل میں دونوں ایوان نہ صرف معاونت کریں گے بلکہ ایک دوسرے سے تعاون بھی کیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ، دہشتگردی کا خاتمہ، توانائی کے بحران پر قابو پانا اور آبادی کو کنٹرول کرنا پارلیمنٹ کا اولین ایجنڈا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی عزت بڑھانا اور قومی مسائل کو پارلیمان میں زیر بحث لانا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے جبکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی پاکستان میں قانون سازی کا منبع ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستانی عوام کی پارلیمنٹ سے اُمیدیں وابستہ ہیں اور ہمیں اُمید ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ عوامی امنگوں پر پورا اترے گی۔ پارلیمان میں قانون سازی کو جامع اور مفید بنانے کے لیے قائمہ کمیٹیوں کو فعال بنانا ہوگا اور اگر ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا اور عوام خوشحال زندگی گزار سکیں گے۔

اسد قیصر نے کہا کہ ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے کفایت شعاری اور میانہ روی اختیار کرنا ملک کے بہترین مفاد میں ہے جبکہ ملک معاشی، اقتصادی اور پانی کی کمی جیسے مسائل کا شکارہے اس لیے موجودہ حکومت کو ملکی مفاد میں اقدامات کرنے ہوں گے۔


متعلقہ خبریں