عوام کی مایوسیوں کا ازالہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، اسد قیصر


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی تمام صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ مل کر اہم قانون سازی سے متعلق مشاورتی عمل کو اہمیت دے گی جبکہ عوام کی مایوسیوں کا ازالہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ( کے پی ) محمود خان نے ملاقات کی اور اسپیکر قومی اسمبلی کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔

اسد قیصر نے کہا کہ ملک اس وقت کمزور معیشت سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے جبکہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کا موقع ملے گا جس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ یہ منصوبہ تمام صوبوں کے لیے ہی یکساں اہمیت کا حامل ہے۔ جس سے ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

اسد قیصر نے کہا کہ مرکز اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدمات کیے جائیں گے جبکہ روزگار کی فراہمی کے لیے مرکز اور صوبے مشاروت کے بعد حکمت عملی طے کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے اور وزیراعظم کے کفایت شعاری منصوبے پرعمل کر کے ہی ہم ملکی معیشت کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ہم عوام کی اُمیدوں پر پورا اُترنے کی کوشش کریں گے۔

محمود خان نے مزید کہا کہ عمران خان کی طویل جدوجہد کی صورت میں ہی ملک میں حقیقی تبدیلی رونما ہوئی ہے جبکہ پاکستانی عوام موجودہ حکومت سے ملکی مسائل کے حل کے لیے پر اُمید ہیں۔


متعلقہ خبریں