چیف جسٹس نے آئندہ ہفتے کے بینچز تشکیل دے دیئے


اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے آئندہ ہفتے کے لئے بنچز تشکیل دے دیئے۔

اسلام آباد کی پرنسپل سیٹ پر 2 بینچ جبکہ کراچی رجسٹری میں ایک بینچ سماعت کرے گا۔ اسلام آباد میں چیف جسٹس ثاقب نثار، جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازلاحسن پر مشتمل 3 رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا۔

بینچ نمبر 2 میں جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں جبکہ کراچی میں جسٹس مشیر عالم، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 3 رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کرے گا۔

پیر کے روز احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے ریفرنس میں توسیع دینے کی درخواست کی سماعت ہوگی جو چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کرے گا۔

آئندہ ہفتے خواجہ سراؤں کو شناختی کارڈ کے اجراء میں مشکلات کے کیس کی بھی سماعت ہو گی جبکہ جعلی بینک اکاؤنٹس اور جلال پور جٹاں میں ایڈز کے شکار مریض کے کیس کی سماعت ہوگی۔

گن اینڈ کنٹری کلب، پاکستانی شہریت ایکٹ 1951 مقدمات اور این آر او سے قومی خزانے کو نقصان کے خلاف درخواست کی بھی سماعت کی جائے گی۔ ججوں کی دہری شہریت، ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی فرانزک آڈٹ ازخود نوٹس کیس کی سماعت بھی ہوگی۔

سپریم کورٹ میں ریلوے ملازمین کی تنخواہوں کی درخواست، پمز اسپتال میں تعیناتیوں اور سپریم جوڈیشل کونسل سے ریفرنسز کی جلد سماعت کی درخواست کی سماعت بھی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں